122

چکن لیگ پیس نہ دلوانے پر بیوی نے اپنے شوہر پر چاقو کے وار کردئے

چین میں ایک خاتون نے چکن کے لیگ پیس نہ لا کر دینے پر اپنے شوہر پر چاقو سے وار کر دئے۔ تفصیلات کے مطابق چینی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک چینی خاتون نے چکن کے لیگ پیس کے بغیر گھر آنے پر اپنے خاوند پر چھُریوں کے وار کر دئے۔ شوہر خالی ہاتھ گھر آیا تو دونوں میاں بیوی میں سخت جھگڑا ہوا اور تلخ کلامی کے بعد بیوی آپے سے باہر ہو گئی۔

خاتون نے کچن سے چاقو پکڑا اور اپنے شوہر کی گردن پر وار کر کے اسے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ مقتول کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ملزمہ شادی کے بعد سے ہی ایسی ہو گئی ہے۔ اسے بہت جلد غصہ آتا اور طیش میں آ کر انتہائی اقدام اُٹھا لیتی تھی۔ مقتول کے کزن نے کہا کہ خاتون اپنے شوہر کو اکثر ہی مارتی تھی لیکن اس نے کبھی آگے سے کوئی رد عمل نہیں دیا۔

خاتون کے پڑوسیوں کا بھی کہنا تھا کہ دونوں میاں بیوی کے مابین جھگڑے اور تلخ کلامی روز کی بات تھی۔

مقتول کی والدہ نے بتایا کہ میرا بیٹا ایک بزنس کانفرنس میں شرکت کے لیے گیا ہوا تھا جب میری بہو نے اسے چکن کے لیگ پیس لانے کا کہا تھا۔ کانفرنس کے اختتام پر کھانا کھانے کے بعد میرا بیٹا بیوی کے پیغام سے متعلق مکمل طور پر بھول گیا اور خالی ہاتھ ہی گھر آ گیا۔ تلخ کلامی کے دوران طیش میں آ کر میری بہو نے کچن سے چاقو اُٹھایا اور میرے بیٹے کا گلا کاٹ دیا۔

مقتول کی والدہ نے بتایا کہ واقعہ کے وقت میں باتھ روم میں موجود تھی جہاں مجھے اپنی پوتی کے چیخنے کی آواز سُنائی دی۔ میں جیسے ہی باتھ روم سے باہر نکلی میں نے اپنے بیٹے کو بے حس و حرکت زمین پر لیٹے دیکھا۔ ہم فوری طور پر اسے زخمی حالت میں اسپتال لے کر گئے جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ کیس کے حوالے سے مزید معلومات فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں