118

انڈیا میں گرمیوں کا سب سے مشہور مشروب ’روح افزا‘ ملنابند ہوگیا،

بھارت میں گرمیوں کا مشہور مشروب ’ روح افزا‘ ملنا بند ہوگیا ہے جس کی وجہ اس کے مالک خاندان میں جائیداد کے تنازعے کو قرار دیا جارہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیا میں حکیم حافظ عبدالحمید کے پوتوں میں جائیداد کے تنازعے کے باعث روح افزا کی پروڈکشن بند ہوگئی ہے۔ دکانداروں کاکہناہے کہ ان کے پاس پہلے سے موجود سٹاک ختم ہوگیا ہے جبکہ کمپنی کی جانب سے نیا سٹاک بھی نہیں بھیجا جارہا۔

دوسری جانب کمپنی کے ترجمان نے خاندان میں کسی بھی قسم کے تنازعے کی تردید کی ہے تاہم انہوں نے روح افزا کی پروڈکشن کی بندش کی وجہ بھی نہیں بتائی۔ ترجمان نے کہا ہے کہ بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر روح افزا کی پروڈکشن بند کی گئی ہے اور جلد ہی پیداوار دوبارہ شروع کردی جائے گی۔

خیال رہے کہ حکیم حافظ عبدالمجید نے 1906 میں دلی میں ہمدرد دواخانہ کی بنیاد رکھی تھی ، 1922 میں ان کے انتقال کے بعد پہلے ان کی بیوہ اور بعد ازاں ان کے بڑے صاحبزادے حکیم عبدالحمید نے دواخانے کا انتظام سنبھالا۔ تقسیم ہند کے بعد حکیم عبدالحمید انڈیا میں ہی رہ گئے جبکہ ان کے چھوٹے بھائی حکیم سعید پاکستان آگئے اور کراچی میں ہمدرد دواخانہ کی بنیاد رکھی۔ اسی ہمدرد دواخانہ کی سب سے معروف پراڈکٹ روح افزا ہے جو بھارت، بنگلہ دیش اور پاکستان میں یکساں مقبول ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں