75

روس کا بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کیلئے اعلی سول اعزاز

نئی دلی(صباح نیوز)روس نے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کو اپنے سب سے اعلی سویلین اعزاز سینٹ اینڈریو سے نواز دیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکو حکومت نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو روس سے مضبوط اور خوشگوار خارجہ تعلقات اور بے مثل معاشی شراکت داری پر اعلی ترین سول ایوارڈ سینٹ اینڈریو عطا کیا ہے۔بھارت میں موجود روسی سفارت خانے نے وزیراعظم مودی کو سب سے بڑے سول اعزاز سے نوازنے کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم مودی کی پالیسیوں سے روس اور بھارت کے درمیان خارجہ تعلقات میں بہتری آئی اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں بے پناہ اضافہ ہوا۔

بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر روس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تعلقات سے دونوں ممالک کا مستقبل روشن ہے جس کے ثمرات عام شہریوں تک بھی پہنچیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں