149

اٹلی 60 سال بعد ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام

چار مرتبہ کی عالمی چیمپیئن اٹلی کی ٹیم 60 برس بعد آئندہ برس روس میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ فائنلز میں جگہ بنانے میں ناکام رہی اور 1-0 کی مجموعی برتری کی بدولت سوئیڈن نے ورلڈ کپ فائنل مقابلوں کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

فٹبال ورلڈ کپ کوالی فائینگ راؤنڈ میں تاریخی اپ سیٹ ہو گیا۔ سویڈن کے ہاتھوں پلے آف مرحلے میں شکست کے بعد اٹلی میگا ایونٹ سے باہر ہوگیا۔

اٹلی اور سویڈن کے درمیان ورلڈ کپ کوالی فائنگ کا دوسرا میچ میلان میں کھیلا گیا۔ میزبان اٹلی کو ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کیلئے یہ میچ جیتنا انتہائی ضروری تھا۔ اٹلی نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور مخالف گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیئے تاہم سویڈن کے مضبوط دفاع نے اُس کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں۔

میلان میں اٹلی اور سوئیڈن کی ٹیمیں ورلڈ کپ کوالیفائر کے دوسرے پلے آف کیلئے میدان میں اتریں تو پہلے پلے آف میں 1-0 سے فتح کی بدولت سوئیڈن کو برتری حاصل تھی لیکن ہوم گراؤنڈ پر میچ ہونے کے سبب امید تھی کہ اٹلی کی ٹیم اس خسارے سے نکلنے میں کامیاب رہے گی۔

کھیل ختم ہونے تک کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی اور یوں مجموعی گول کی بنیاد پر سویڈن نے ورلڈ کپ میں سیٹ بک کرلی ۔ سویڈن نے پہلے مرحلے میں اٹلی کو ایک صفر سے شکست دی تھی ۔

پینالٹی کی اپیلیں مسترد اور گول نہ ہونے کے سبب میچ کے آخری لمحات میں اٹلی نے انتہائی خراب کھیل کا مظاہرہ کیا اور پوری ٹیم تتر بتر نظر آئی۔

میچ کا اختتام قریب آتے دیکھ کر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے اٹلی کی ٹیم کا جوش و جذبہ بڑھانے کیلئے قومی ترانہ پڑھنا شروع کردیا لیکن ان کی یہ کوشش بھی رائیگاں گئی اور جب ریفری نے سیٹی بجا کر میچ کے اختتام کا اعلان کیا تو اسٹیڈیم میں موجود 74ہزار طالوی شائقین پر سکتہ طاری ہو گیا اور ٹیم کی شکست اور ورلڈ کپ سے اخراج پر افسردہ کھلاڑی بھی گھٹنے کے بل زمین پر بیٹھ گئے۔

اس شکست کے ساتھ ہی اٹلی کی ٹیم 60 سال بعد ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی جہاں اس سے قبل صرف دو مرتبہ وہ ورلڈ کپ مقابلوں میں شرکت نہ کر سکی۔ اٹلی نے 1930 کے فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کی تھی اور 1958 میں آخری بار وہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے تھے۔

میچ برابر ہونے کے ساتھ ہی سوئیڈن نے ایگریگیٹ اسکور پر 1-0 سے فتح اپنے نام کی اور 12 سالہ بعد ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

ناکامی کے بعد اٹلی کے لیجنڈری گول کیپر لوئیجی بوفون نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔ انہوں نے رواں سال فیفا بہترین گول کیپر کا ایوارڈ جیتا تھا ۔ 39 سالہ گیان لوگی بفون نے اعلان کیا تھا کہ 2018 میں روس میں ہونے والا ورلڈ کپ ان کے انٹرنیشنل کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ ہو گا۔

گیان لوگی بفون نے اپنے کیریئر کا آغاز دو دہائیوں قبل ماسکو میں ورلڈ کپ پلے آف سے ہی کیا تھا اور اگر اٹلی 2018 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیتا تو وہ چھ ورلڈ کپ کیلئے سفر کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن جاتے ہیں۔

175 میچوں میں اٹلی کی نمائندوگی کرنے والے بفون نے کہا کہ سوئیڈن کے ہاتھوں شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور اس پر پوری قوم سے معذرت خواہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بھی اس طرح سے کیریئر کا اختتام کرنے پر بے حد مایوسی ہوئی، کیریئر کے دوران اٹالین فٹ بال فیڈریشن، ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں نے بہت ساتھ دیا جس پر ان کا مشکور ہوں۔

عظیم گول کیپر نے کہا کہ میری ہمدردیاں ہمیشہ ٹیم کے ساتھ رہیں گی، ناکامیوں کے باوجودٹیم کا مستقبل روشن ہے تاہم فتوحات کے سفر پر دوبارہ گامزن ہونے کیلئے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں