120

حماس اسرائیل کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی، ایران

تہران (22 اکتوبر 2017) ایران نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا اہم ترین مسئلہ ہے اورحماس تمام تر دباؤ کے باوجود اسرائیل کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے رکن علی اکبر ولایتی نے تہران میں حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ صالح العاروری سے ملاقات کے دوران کہی۔انھوں نے کہا کہ اسرائیلیوں کے پروپیگنڈوں کے باوجود فلسطینی استقامت کے لئے عالم اسلام کی حمایت کی بدولت فلسطینی گروہ طاقتور اور صیہونی کمزور ہو گئے ہیں۔انھوں نے علاقے کے بعض ملکوں کو تقسیم کرنے پر مبنی امریکی اقدامات کو اسرائیل کے لیے مفید قرار دیا۔انھوں نے کہا کہ جب امریکا کو اس منصوبے میں ناکامی ہوئی تو اس کا مطلب ہے کہ صیہونی حکومت کو بھی براہ راست اور بالواسطہ طور پر شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ صالح العاروری نے کہا کہ ایران فلسطینی استقامتی تحریک کا سب سے بڑا حامی ہے۔انہوں نے کہا کہ حماس کا سیاسی اور آپریشنل مئوقف واضح ہے اور ملت فلسطین کے دفاع میں وہ کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حماس غاصبوں کے خلاف جدوجہد اور استقامت کا راستہ جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں