25

چیچنیا میں طلاق شدہ جوڑوں کو دوبارہ ملانے کی مہم

گروزنی(آن لائن)چیچنیا کے متنازع رہنما رمضان قادروف نے ملک میں طلاق شدہ جوڑوں کو دوبارہ ملانے کی مہم کا آغاز کیا ہے جس پر اعتراضات بھی کیے جا رہے ہیں۔اس مہم میں مذہبی علما کو بھی شامل کیا گیا جو اس حوالے سے شرعی قوانین کی تبلیغ کر رہے ہیں۔

رمضان قادروف کی جانب سے تشکیل دیے جانے والے کمیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ چھ ہفتوں کے اندر 948 جوڑوں کو دوبارہ ملایا ہے۔تاہم کچھ سابقہ بیویوں نے شکایت کی ہے کہ غیر منصفانہ طور پر انھیں دوبارہ اکٹھے رہنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ،ایک خاتون نے ان اقدامات کو ‘جبر پر مبنی’ قرار دیا ہے۔ ایک اہلکار کے مطابق اگر بچوں کے لیے فائدہ مند ہو تو ایک مرد دو بیویاں رکھ سکتا ہے۔

چیچنیا کے ازدواجی ہم آہنگی اور خاندانی تعلقات کے ادارے کے سیکریٹری رسول اوسپانوف کے مطابق بعض معاملات میں طلاق کے بعد بچے اپنے والد کے ساتھ رہ رہے تھے جس نے دوبارہ شادی کر لی تھی۔’ہماری کمیشن کی وجہ سے اسے اپنی پہلی بیوی واپس ملی گئی اور اب اپنی دونوں بیویوں کے ساتھ رہتا ہے کیونکہ اسلام میں مرد کو ایک ساتھ چار بیویاں رکھنے کا حق حاصل ہے۔’ان حالات میں مرد اس بات کو سمجھتے ہیں کہ بچوں کو جنم دینے والی ماں کو بجائے دور سے دیکھنے اور غمزدہ ہونے کے اپنے بچوں کے ساتھ ہی رہنا چاہیے تاہم بریت نامی ایک خاتون نے بی بی سی کو بتایا کہ اس کو طلاق ہوئے 12 برس ہو چکے ہیں اور اگر اب کمیشن ان سے رجوع کرتا ہے تو وہ انکار کر دیں گی۔

گروزنی کی رہائشی بریت کے مطابق’یہ لوگوں پر جبر ہے، اگر جوڑے میں طلاق ہو گئی ہے تو اس میں غالب امکان ہے کہ یہ فیصلہ حتمی ہے۔ چیچنیا میں بعض اوقات جوڑے ایک دوسرے کو بالکل جانتے بھی نہیں ہوتے اور ان کی شادی کر دی جاتی ہے اور ایسا دوسروں کی تجویز پر کیا جاتا ہے اور شادی کے بعد ان میں ہم آہنگی نہیں ہو پاتی ہے تو انھیں اس پر مجبور کیوں کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ چیچنیا میں کئی برسوں سے جاری عدم استحکام کے بعد رمضان قادروف ملک میں استحکام لانے میں کامیاب ہوئے ہیں اور انھیں روس کے صدر ولادی میر پوتن کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے۔لیکن اْن کے ناقدین رمضان قادروف اور اْن کے حامیوں پر قتل اور تشدد سمیت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں