27

سیرالیون: تباہ کن طوفان؛ 312 افراد ہلاک

مغربی افریقی ملک سیرالیون کے دارالحکومت فری ٹاؤن میں تباہ کن طوفان کے نتیجے میں 312 افراد ہلاک اور 2 ہزار سے زائد بے گھر ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق طوفان کی وجہ سے بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے باعث مردہ خانوں میں لاشیں رکھنے کی گنجائش ختم ہوگئی اور لوگ اپنے پیاروں کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے۔

تباہ کن طوفان کے باعث شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور سیکڑوں مکانات بہہ گئے۔

ریڈ کراس کے ترجمان پیٹرک مساکوئی نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ اب تک طوفان کے باعث 312 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، تاہم یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے کیونکہ ان کی ٹیم کا متاثرہ علاقوں کا سروے ابھی جاری ہے۔

فری ٹاؤن کے کوناٹ ہسپتال کے مردہ خانے کے ٹیکنیشن نے کہا کہ صرف ان کے پاس اب تک 180 لاشیں لائی جاچکی ہیں جن میں کئی بچے بھی شامل ہیں اور اب ان کے ہسپتال میں لاشیں رکھنے کی مزید گنجائش نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں