28

ٹرمپ کے الزامات پر عمران خان کا ردعمل

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات پر قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کہا تھا کہ یہ جنگ ہماری نہیں اس میں شرکت نہیں کرنا چاہیے، امریکا کے کہنے پر اس ملک میں جو تباہی مچائی اس میں 70 ہزار پاکستانیوں نے قربانیاں دیں۔

عمران خان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو افغان خطے سے متعلق کچھ علم نہیں اور جس ملک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں اسی پر الزام لگادیا۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ٹرمپ وہی زبان استعمال کر رہا ہے جو بھارت پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے جب کہ افغانستان میں بھارت کو نیا کردار دے دیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومت نے امریکی الزامات پر درست انداز میں دفاع نہیں کیا، نہ تو وزیراعظم اور نہ ہی وزارت خارجہ کی جانب سے کوئی بیان سامنے آیا۔

عمران خان نے کہا کہ فوج اور سویلین ایک پیج پر ہیں، امریکی دھمکی کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر امریکا کو متفقہ پیغام دینا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں