24

معین علی کی کیریئرکی بہترین پوزیشن

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر کھلاڑیوں کی نئی درجہ بندی کا اعلان کردیا ہے جہاں انگلینڈ کے معین علی نے تینوں شعبوں میں کیریئر کی بہترین پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ پاکستان کے اظہرعلی کی دو درجے تنزلی ہوئی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیسٹ درجہ بندی کے مطابق دس بہترین بلے بازوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جب کہ انگلینڈ کے جو روٹ دوسرے اور بھارت کے پوجارا ایک درجہ ترقی پاکر تیسری پوزیشن پر آچکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھی، ویرات کوہلی پانچویں، ریہانے چھٹی اور جونی بریسٹو 2 درجہ ترقی پاکر ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے سابق کپتان اور تجربہ کار بلے باز اظہر علی 2 درجہ تنزلی کے بعد چھٹی سے آٹھویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں. انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کھانے والی جنوبی افریقی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملا نویں اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

معین علی نے انگلینڈ کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ انھیں کیریئرکی بہترین اکیسویں پوزیشن ملی ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کے سرفہرست دس باؤلرز میں پاکستان کا نام نہیں جبکہ بھارت کے روندرا جدیجا پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، انگلینڈ کے جیمز اینڈریسن دوسرے، بھارت کے روی چندرن ایشون تیسرے، آسٹریلیا کے جوش ہیزلی وڈ چوتھے اور سری لنکا کے تجربہ کار اسپنر رنگانا ہیراتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان کے یاسر شاہ ٹیسٹ باؤلرز کی فہرست میں 14 نمبر پر موجود ہیں جبکہ انگلینڈ کے معین علی اٹھارویں نمبر پر آگئے ہیں۔بھارت کے ہی روندرا جدیجا آل راؤنڈر کی فہرست میں بھی سرفہرست ہیں جبکہ پاکستان کے محمد حفیظ سولھویں نمبر پر براجمان ہیں۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں بنگلادیش کے شکیب الحسن دوسرے، بھارت کے روی چندرن ایشون تیسرے اور انگلینڈ کے معین علی چوتھے جبکہ بین اسٹوکس کا پانچواں نمبر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں