30

راجن پور میں7 پولیس اہلکاراغوا

راجن پور میں ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر حملہ کر کے 7 اہلکاروں کو اغوا کرلیا۔

ایس ایس پی راجن پور عتیق طاہر کے مطابق راجن پور کے علاقے روجھان میں ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر حملہ کیا جس کے بعد حملہ آور 7 اہلکاروں کو اپنے ساتھ لے گئے۔

ایس ایس پی راجن پور کے مطابق مغوی اہلکاروں میں لقمان، ذیشان، شاکر، صابر، جمشید ، صفدر اور مزمل شامل ہیں۔

عتیق طاہر کا کہنا ہے کہ پٹ گینگ کے سربراہ عطااللہ پٹ نے پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا جب کہ مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لئے پولیس کی بھاری نفری کچے کے علاقے میں روانہ کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ضلع راجن پور تین صوبوں پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے سنگم پر موجود ہے جہاں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں بھی عام ہیں۔

دریائے سندھ یہاں بہت چوڑائی میں ہے اور اس میں کئی چھوٹے چھوٹے جزیرے ہیں جہاں جرائم پیشہ افراد اکثر اپنا ٹھکانہ بنائے رکھتے ہیں۔

ڈاکوؤں کے گروہ کے سرغنہ غلام رسول عرف چھوٹو مزاری کا تعلق بھی اسی علاقے سے ہے اور یہ کئی برس سے اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے جب کہ پولیس اہلکاروں کو بھی اغوا کرچکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں