25

کلثوم نواز یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی جمع

سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کلثوم نواز اور تحریک انصاف کی یاسمین راشد نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جارہے ہیں اور اب تک مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز اور تحریک انصاف کی نامزد امیدوار یاسمین راشد نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

بیگم کلثوم نواز کے این اے 120 سے 2 فارم جمع کرائے گئے، ایک فارم میں بیگم کلثوم کے تجویز کنندہ نذیر خان سواتی اور تائید کنندہ ملک فرقان ہیں جب کہ دوسرے فارم میں سہیل اقبال تجویز کنندہ اور سید محمد عظمت تائید کنندہ ہیں۔

گزشتہ روز 2 آزاد امیدواروں نے ضمنی انتخاب کے حوالے سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی 12 اگست تک جمع کرائے جاسکتے ہیں جب کہ کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 15 سے 17 اگست کے درمیان کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حتمی امیدواروں کی فہرست 26 اگست کو آویزاں کی جائیں گی اور 17 ستمبر کو ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ ہوگی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے لئے نااہل قرار دیا تھا جب کہ انہوں نے عدالتی فیصلے کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں