113

پاکستان نے ٹی 20 وارم اپ میچ بھی جیت لیا

پاکستان کرکٹ ٹیم نے تینوں وارم اپ میچز جیت کر ناصرف انگلینڈ بلکہ آئی سی سی ورلڈکپ کھیلنے کی منتظر تمام ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے بالخصوص فخرزمان، امام الحق اور بابراعظم کی فارم نے تو پاکستانیوں کے حوصلے اور بھی بلند کر دئیے ہیں۔

پہلے دو ون ڈے میچوں میں بالترتیب کینٹ اور نورتھمپٹن شائر کو شکست دینے کے بعد گزشتہ روز قومی ٹیم نے لیسٹر شائر کیخلاف کھیلے گئے ٹی 20 وارم اپ میچ میں بھی 58 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ لیسٹر شائر کاﺅنٹی کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے میچ میں لیسٹر شائر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔

فخرزمان اور بابراعظم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 104 رنز جوڑے۔ بابراعظم نے 63 گیندوں پر 2 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے جبکہ فخر زمان نے 1 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں آصف علی نے 22، فہیم اشرف نے 11، عماد وسیم نے 4، سرفراز احمد نے 3 اور حارث سہیل نے ایک سکور بنایا۔

ہدف کے تعاقب میں لیسٹر شائر کی پوری ٹیم 19.2 اوورز میں صرف 142 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی۔ بین مائیک نے سب سے زیادہ 37 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کیلوم پارکنسن نے 27، مارک کوسگروو 19 اور عادل علی 10 رنز بنا کر قابل ذکر رہے۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فہیم اشرف، حسن علی، محمد حسنین اور حارث سہیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں