57

قومی ویمن ٹیم جنوبی افریقہ روانہ،

قومی ویمن کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کیلئے روانہ ہو گئی ہے۔ پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے دورہ جنوبی افریقہ کیلئے ٹیم کی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کا اصل ہدف ایک روزہ سیریز جیت کر ویمن ورلڈکپ 2021ءمیں براہ راست جگہ بنانے کا موقع حاصل کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ویمن ٹیم دورہ جنوبی افریقہ میں آئی سی سی ویمن کی چمپئن شپ کے 3 ایک روزہ میچز اور 5 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے گی، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز 6 سے 23 مئی تک کھیلی جائے گی اور اس حوالے سے بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ہم نے تربیتی کیمپ میں سخت محنت کی ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے، ساتھ ہی ہم نے ہماری آل راؤنڈ (بیٹنگ اور باؤلنگ) کی صلاحیتوں کو بہتر کرنے پر کافی وقت گزارا ہے۔

جنوبی افریقہ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ ان کا اور ٹیم مینجمنٹ کا اصل ہدف ایک روزہ سیزیر جیت کر ویمن ورلڈ کپ 2021ءمیں ٹیم کی براہ راست جگہ بنانے کا موقع حاصل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ دونوں ویمن کی چیمپئن شپ پوائنٹس پر بہتری کیلئے سخت محنت کررہی ہیں، میزبان ملک کو اس وقت ہم سے ایک پوائنٹس کی برتری حاصل ہے، جسے سیریز کو جیت کر ختم کیا جاسکتا ہے۔

کپتان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں نے برابر میچز کھیلیں ہیں اور پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال اس سریز کو مزید دلچسپ کردے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیمپ کے آغاز میں انجری کا شکار ہونے والی ڈایانہ بیگ کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلنے والی پوری ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ٹیم مینجمنٹ اور مجھے ثناءمیر، ندا ڈار، سدرا امین، جویریہ خان، نشرا سندھو اور عالیہ ریاض کی صلاحیوں پر مکمل اعتماد ہے۔

واضح رہے کہ اس ایونٹ کی میزبان اور آئی سی سی ویمن چیمپین شپ سے 4 بہترین ٹیمیں براہ راست ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کریں گے، اگر پاکستان کی بات کی جائے تو وہ اس وقت 12 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے پاکستان سے زیادہ 13 پوائنٹس ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں