32

جعلی اکاﺅنٹس کیس ، آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف زرداری اور فریال تالپورکی جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس میں 15 مئی تک ضمانت میں توسیع کر دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق آصف زرداری اور فریال تالپور اسلام آباد ہائیکورٹ میں جعلی بینک اکاﺅنٹس سے متعلق کیس میں ضمانت میں توسیع کیلئے پیش ہوئے جبکہ اس موقع پر ضمانت مسترد ہونے کی صورت میں گرفتاری کیلئے نیب حکام بھی موجود تھے تاہم عدالت نے دونوں رہنماﺅں کی 15 مئی تک ضمانت منظور کر لی ہے ۔

نیب نے عدالت میں بتایا کہ پارک لین کیس میں آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری موجود ہیں ، عدالت کا نیب پراسیکیوٹر کے ساتھ مکالمہ ہوا کہ یہ کیا طریقہ ہے ؟ چھپن چھپائی نہ کھیلیں ۔عدالت نے استفسار کیا کہ آصف زرداری کیخلاف کتنے کیسز ہیںَ؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ آصف زرداری کیخلاف 22 انکوائریاں ہیں ، یہ نہیں بتا سکتے کہ آصف زرداری کیخلاف کون کون سے کیسز ہیں ۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ آپ ان کو سرپرائز نہیں دیں گے ۔عدالت نے نیب کو آصف زرداری اور فریال تالپور کی گرفتاری سے روک دیاہے۔

اس سے قبل آصف علی زرداری جب عدالت پہنچے تو صحافیوں نے انہیں گھیر لیا تھا ، صحافی نے سوال کیا کہ آپ عمران خان کی حکومت کو کیا مشورہ دیں گے ؟جس پر آصف علی زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ہم مشورہ دیں گے بھی تو ان کو سمجھ نہیں آئے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں