90

امریکہ اور عمان نے ون ڈے انٹرنیشنل کا درجہ حاصل کر لیا

امریکہ اور عمان کی کرکٹ ٹیموں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کا درجہ حاصل کر لیا ہے اور دونوں ٹیموں کو آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں حصہ لینے کی اہلیت حاصل کرنے کا موقع بھی میسر آ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق افریقی ملک نمیبیا میں کھیلے جانے والے ورلڈ کرکٹ لیگ 2 میں امریکہ نے ہانگ کانگ کو 84 رنز سے ہرا کر پہلی بار کرکٹ میں ون ڈے کا درجہ حاصل کیا جبکہ عمان نے بھی اپنے تینوں ابتدائی مقابلے جیت کر دنیائے کرکٹ میں میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کا درجہ حاصل کیا۔

امریکی کرکٹ ٹیم نے 2004ءکی ون ڈے انٹرنیشنل چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لیا تھا اور اب وہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں حصہ لینے کا مجاز بھی ہو گیا ہے۔ امریکی کرکٹ ٹیم نے نیمبیا کے شہر ونڈوک میں کھیلے گئے عالمی کرکٹ لیگ ڈویژن 2 کے مقابلوں میں ہانگ کانگ کو 84 رنز سے شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا جبکہ اسی ٹورنامنٹ میں عمان نے میزبان ٹیم نیمیبا کے خلاف چاروکٹوں سے فتح حاصل کی۔

ان مقابلوں میں امریکہ، عمان، سکاٹ لینڈ، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، نیپال اور نیدرلینڈ کی ٹیموں نے حصہ لیا جن میں سے امریکہ اور عمان پہلی چار ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے جس کے بعد امریکہ 2023ءمیں ہونے والے ورلڈ کپ کے مقابلوں میں شرکت کیلئے آئندہ ڈھائی سال کے دوران 36 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا مجاز ہو گیا ہے۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکہ کی ٹیم کے کوچ پوبودو دسانیکے کا کہنا ہے کہ ایک ٹیم کے طور پر ہم نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران سخت محنت کی اور ہم اپنا طے شدہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس جیت پر ہمارے کھلاڑی بہت خوش ہیں اوربلاشبہ یہ امریکہ کیلئے بڑی کامیابی ہے کیونکہ اس سے قبل ہم اس جگہ پر کبھی بھی نہیں پہنچے تھے۔

پوبودو دسانیکے نے کہا کہ ون ڈے انٹرنیشنل کی جانب پیش قدمی کیلئے ہمیں ڈھائی سال کا ایک اور مرحلہ طے کرنا ہے جس کے لئے ہمیں مزید سخت محنت کی ضرورت ہے۔امریکہ اور عمان کو آئی سی سی ون ڈے کا درجہ ملنے کے بعد باقی دو نشستوں کیلئے نیمبیا، پپوا نیو گنی، کینیڈا اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں