96

سی پیک کامنصوبہ کروٹ ہائیڈرو الیکٹرک پاور سٹیشن اہم مرحلے میں

سی پیک کا پہلا ہائیڈرو پاور منصوبہ کروٹ ہائیڈرو الیکٹرک پاور سٹیشن تعمیر کے اہم ترین مرحلے میں داخل ہوگیا ،یہ منصوبہ چینی ٹیکنالوجی اور معیار کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کا باعث بنے گا، پاور سٹیشن کی تعمیر میں 3500 سے زائد پاکستانی اور900 سے زائد چینی کارکنوں نے حصہ لیا ،منصوبے کی سرمایہ کاری کی کل مالیت ایک ارب 74 کروڑ امریکی ڈالرہے، یہ بجلی گھر 5لاکھ گھرانوں کےلئے بجلی کی ضروریات کو پورا کرے گا۔

چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین پاک اقتصادی راہداری کا پہلا ہائیڈرو پاور سرمایہ کاری کا منصوبہ یعنی کروٹ ہائیڈرو الیکٹرک پاور سٹیشن تعمیر کے اہم ترین مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ فیکٹری کی عمارت، دریا پر بیراج اور پانی کے اخراج کے راستے یعنی سپل وے سمیت دیگر اہم بنیادی تنصیبات تیز رفتاری سے تعمیر کی جارہی ہے۔ کروٹ ہائیڈرو الیکٹرک پاور سٹیشن پر ڈیزائن سے تعمیر تک چینی ٹیکنالوجی اور معیار کے مطابق عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ یہ منصوبہ چینی ٹیکنالوجی اور معیار کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کا باعث بنے گا۔ پاکستان کے تمام ہائیڈرو الیکٹرک پاور سٹیشنوںمیں کروٹ پاور سٹیشن کے پاس کئی “اولین” اعزازات موجود ہیں۔یہ نہ صرف چین پاک اقتصادی راہداری کا پہلا ہائیڈرو الیکٹرک پاور سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے،بلکہ سلک روڈ فنڈ کے قیام کے بعد اس فنڈ کی سرمایہ کاری سے چلنے والا پہلا منصوبہ بھی ہے۔

تھری گورجیئس جنوبی ایشیا انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے کروٹ پروجیکٹ کے نائب سربراہ لی زی لی نے کہا کہ اس منصوبے کی سرمایہ کاری کی کل مالیت ایک ارب 74 کروڑ امریکی ڈالرز بنتی ہے۔اس میں 20کروڑ امریکی ڈالرزسلک روڈ فنڈ سے متعلق ہیں۔اندرونی اور بیرونی بینکوں کی حمایت اور نگرانی میں کروٹ پاور سٹیشن کے تعمیراتی عمل میں مسلسل پیش رفت حاصل ہورہی ہے۔اب تک مجموعی پروجیکٹ کے54 فیصد حصے کا کام مکمل ہوگیا ہے۔

منصوبے کے مطابق2021ءکے اپریل تک پاور سٹیشن کے پہلے یونٹ سے بجلی کی پیداوارکا کام شروع ہو جائےگا اور نومبر2021ء تک تمام4 یونٹس بجلی کی پیداوار شروع کر دیں گے۔چار پیداواری یونٹس کے ساتھ اس پاور سٹیشن کی بجلی پیدا کرنے کی نصب شدہ صلاحیت 7 لاکھ20 ہزار کلو واٹ ہے۔ اس پن بجلی گھر سے سالانہ 3 ارب 20 کروڑ کلو واٹ بجلی پیدا کی جاسکے گی۔ یہ بجلی گھر 5 لاکھ گھرانوں کےلئے بجلی کی ضروریات کو پورا کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں