130

اب 100 روپے کا موبائل کارڈ لوڈ کرنے پر کتنے روپے ملیں گے؟

سپریم کورٹ نے موبائل فون کارڈز پر ٹیکس ختم کرنے کا حکم امتناعی واپس لے لیا ہے اور نئے فیصلے پر عملدرآمد کے بعد اب 100 روپے مالیت کا کارڈ موبائل فون میں لوڈ کرنے پر صارف کو تقریباً 62 روپے موصول ہوں گے، یعنی 38 روپے ٹیکس کٹوتی کی جائے گی۔

نجی خبر رساں ادارے لاہور نیوز کے مطابق موبائل سروس مہیا کرنے والی ایک کمپنی کے سینئر عہدیدار کے مطابق ٹیکس کٹوتی کی شرح کچھ اس طرح سے ہو گی کہ تقریباً 11.11 روپے (12.5 فیصد) وِدہولڈنگ ٹیکس کی مد میں، 14.51 روپے جی ایس ٹی کی مد میں (19.5 فیصد)، 10 روپے موبائل سروس مہیا کرنے والی کمپنی کے ‘ایڈمن چارجز’ کی مد میں اور 1.95 روپے ایڈمن چارجز پر لگنے والے جی ایس ٹی کی مد میں کٹ جائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے فیصلے میں ایڈمن چارجز کو یکسر ختم کرتے ہوئے بقایا ٹیکس کی کٹوتی پر حکم امتناعی جاری کیا تھا اس لئے تفصیلی فیصلے سے ہی پتہ چل پائے گا کہ آیا ٹیکس بحالی کا فیصلہ ایڈمن چارجز پر بھی لاگو ہو گا یا یہ صرف حکومتی ٹیکس کے بارے میں ہے جبکہ سپریم کورٹ کے نئے فیصلے پر عملدرآمد پی ٹی اے کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن موصول ہونے پر ہی کیا جائے گا کیونکہ اس نوٹیفکیشن سے ہی معلوم ہو گا کہ اب کس شرح کا ٹیکس کٹے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سروس مہیا کرنے والی موبائل کمپنیاں صرف ودہولڈنگ ایجنٹ کے طور پر کام کرتی ہیں یعنی یہ سرکاری ٹیکس ہیں جو کمپنیاں صارفین سے اکٹھا کر کے حکومت کو دیتی ہیں اور اس سروس کے عوض انہیں بھی کچھ فائدہ ہو جاتا ہے۔ دوسری جانب پی ٹی اے کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ تفصیلی فیصلے کے بعد ٹیکس کی شرح کے حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نوٹیفکیشن کا اجراءکرے گا اور یہ نوٹیفکیشن بعد ازاں پی ٹی اے موبائل فون سروس مہیا کرنے والی کمپنیوں کو ارسال کرے گا جس کے بعد ٹیکس کٹوتی شروع ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں