91

مریم نوازکو سیاست میں لانے کا مشورہ میں نے دیا: شاہ نواز رانجھا

مریم نواز کو سیاست میں باقاعدہ لانے کا مشورہ میں نے قائد محمد نواز شریف کو دیا۔ پہلے تو وہ مان ہی نہیں رہے تھے لیکن بار بار کہنے پر وہ بالآخر رضا مند ہوگئے او رمریم نواز کو باقاعدہ سیاسی میدان میں لے آئے۔ مریم نواز میں وہ تمام سیاسی خوبیاں موجود ہیں جو ان کو ورثے میں ملی ہیں۔ وہمستقبل میں ملک کی بہترین سیاسی اور قدآور شخصیت ثابت ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن سرگودھا کے صدر، سابق ایم پی اور پی ایم ایل کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن شاہ نواز رانجھا نے دبئی میں ایک تقریب کے دوران کیا۔ شاہ نواز رانجھا کے اہتمام میں تقریب کا انعقاد پی ایم ایل این امارات کے صدر چودھری محمد الطاف نے اپنی رہائش گاہ پر کیا تھا جس میں چودھری خالد بشیر، چودھری ظفر اقبال، چودھری صغیر احمد، راجہ خالد، عارف منہاس، غلام مصطفی، غوث قادری، عاشق سواتی اور حاجی محمد نواز کے علاوہ دیگر لیگی کارکنوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ امریکہ اور چند دوسری قوتیں پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا نہیں دیکھنا چاہتیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب بھی مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں پاکستان ترقی کی راہ پر آیا اس کے راستے میں رکاوٹیں ڈال دی گئیں اور زیر تکمیل منصوبوں کو سبوتاژ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور ہمارا ایٹم بم ہی سب کی نظروں میں کھٹک رہا ہے۔

شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ میں گزشتہ چار دہائیوں سے مسلم لیگ میں ہوں اور ہر حالات میں مسلم لیگ کے ساتھ رہا ہوں اور اپنے قائد میاں نواز شریف کے سنگ سنگ رہا ہوں جبکہ آج بھی اپنے قائد اور مسلم لیگ کے ساتھ کھڑا ہوں اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہوں۔

تقریب کے میزبان چودھری محمد الطاف نے مہمان خصوصی شاہ نواز رانجھا کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں شاہ نواز رانجھا جیسے مخلص ساتھیوں پر فخر ہے جو تمام اچھے برے حالات میں پارٹی کے ساتھ رہے اور اپنے قائد کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ چودھری محمد الطاف نے کہا کہ شاہ نواز رانجھا جیسے سیاستدان او رمخلص ساتھی مسلم لیگ ن کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ تقریب کے دوران سٹیج سیکرٹری کے فرائض چودھری خالد بشیر نے انجام دئیے۔ تقریب میں شامل تمام متذکرہ لیگی کارکنون نے تقریب کے انعقاد پر میزبان چودھری محمد الطاف اور مہمان خصوصی شاہ نواز رانجھا کا خصوصی شکریہ اد اکیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں