76

” فواد چوہدری کو سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت میرٹ پر ملی “ مریم اورنگزیب

وزیراعظم عمران خان نے بہترین کارکردگی نہ دکھانے پر وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر دی ہیں جس کے تحت فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات و نشریات سے ہٹاتے ہوئے انہیں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا قلمدان سونپ دیا گیاہے تاہم اس موقع پر مریم اورنگزیب فواد چوہدری کی میمی شیئر کرتے ہوئے ان کی نئی نوکری سے متعلق ایسی منطق پیش کر دی کہ سوشل میڈیا پر ہنسی کا طوفان برپا ہو گیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ” فواد چوہدری کو سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت میرٹ پر ملی ہے ، تاریخ میں سستے ترین ہیلی کاپٹر کی ایجاد سے اس وزارت پر ان کا ہی حق بنتا تھا ، توقع ہے کہ فواد چوہدری عوام کی سفری سہولت کیلئے 55 روپے فی کلومیٹر ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کر دیں گے اور عوام کو جلد ہی سستی اور انقلابی ہیلی کاپٹر سروس میسر آئے گی ۔“

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے جب حکومت سنبھالی تو وزیراعظم عمران خان اسلام آباد میں وزیراعظم آفس جانے کیلئے ہیلی کاپٹر کا استعمال کرتے تھے تاکہ عوام کو سخت سیکیورٹی کے پیش نظر کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے تاہم اس دوران اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے عمران خان کے اس عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔جس پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ہیلی کاپٹر کا سفر سستا پڑتا ہے اور اس پر 55 روپے فی کلومیٹر خرچ آتا ہے ۔

فواد چوہدری کے اس بیان پر اپوزیشن جماعتوں نے خوب تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ سوشل میڈیا صارفین کو تو ویسے ہی موقع درکار ہوتاہے تاہم سوشل میڈیا پر بھی ان کی خوب میمز وائرل ہو ئیں اور مریم اورنگزیب نے آج قلمدانوں کی تبدیلی پر یہ تذکرہ سوشل میڈیا پر ایک مرتبہ پھر سے چھیڑ دیاہے اور اب سلسلہ چل نکلا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں