77

محمد عامر کوکرکٹ کھیلنے میں کوئی دلچسپی نہیں، سینئر صحافی

سینئر صحافی سلیم خالق نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد عامر پاکستان کیلئے نہیں کھیلنا چاہتے ، وہ پاکستان چھوڑ کر انگلینڈ میں رہنا اور وہیں کاﺅنٹی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔

سینئر سپورٹس جرنلسٹ سلیم خالق کے مطابق فاسٹ باﺅلر محمد عامر کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی، یو اے ای میں ہیڈ کوچ، چیف سلیکٹر اور قائم مقام کپتان شعیب ملک کی میٹنگ کے دوران یہ بات ہوئی کہ عامر کی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی لیکن ان کے با اثر چاہنے والے اب بھی انہیں ٹیم میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔

سلیم خالق نے کہا پورے وثوق کے ساتھ بتا رہا ہوں کہ عامر کو پاکستان کیلئے کھیلنے میں کوئی دلچسپی نہیں رہی وہ برطانیہ میں رہ کر انگلینڈ کیلئے کھیلنا چاہتے ہیں، وہ انگلینڈ کی قومی ٹیم کیلئے نہیں کھیلیں گے بلکہ کاﺅنٹی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں ، انہیں ایک فل ٹائم کنٹریکٹ کی تلاش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محمد عامر انگلینڈ کی جیل میں رہ چکے ہیں اس لیے انہیں ویزہ ملنے میں مشکلات تھیں جو ان کی پاکستان ٹیم کے ٹور کے دوران ختم ہوگئیں۔ انہوں نے برطانیہ کی خاتون کے ساتھ شادی کی اور اب وہاں کی شہریت کیلئے درخواست دے رکھی ہے، جیسے ہی انہیں برطانیہ کی شہریت ملے گی وہ پاکستان چھوڑ کر انگلینڈ جابسیں گے اور وہیں جا کر کھیلیں گے۔

سلیم خالق نے کہا کہ جب انسان کے پاس پیسہ آتا ہے تو وہ سوچتا ہے کہ بہتر زندگی گزارے ، اسی لیے محمد عامر بھی انگلینڈ جانا چاہتے ہیں، ہمارے 90 فیصد کرکٹرز کو اگر برطانیہ کی شہریت آفر کی جائے تو وہ بھی فوری طور پر پاکستان چھوڑ جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں