47

وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں

صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے پنجاب حکومت کے اندرون خانہ چلنے والے معاملات کے حوالے سے تہلکہ خیز انکشافات کر دئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے غیر منتخب شدہ افراد سازشیں کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف بھی سازش ہو رہی ہے اور وہ اس سازش سے بخوبی واقف بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کسی کی مخالفت کی کوئی پرواہ نہیں ہے ، مجھے اپنی وزارت کی بھی کوئی پرواہ نہیں ہے، میں جب تک وزیر ہوں مقابلہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ہم سے حسد کر رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف میں کچھ آستین کے سانپ ایسے بھی ہیں جو ہمارے مخالفین سے زیادہ ہمارے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، اور صرف اسی لیے کر رہے ہیں کیونکہ اُن کو حسد ہے کہ وہ اسمبلیوں میں نہیں پہنچ سکے اور ہم پہنچ گئے۔

ایسے لوگ عوامی خدمت پر بھی یقین نہیں رکھتے۔ یہ لوگ اپنا پیدائشی حق سمجھتے ہیں کہ انہیں حکومت میں ہونا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ میرا جُرم یہ ہے کہ میں جرأت کے ساتھ جینا جانتا ہوں۔ میرا جُرم یہ ہے کہ میں کرپشن کے خلاف ہوں،میرا جُرم یہ ہے کہ میں عمران خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بے شک میرا محکمہ تبدیل کر دیں یا مجھے وزارت سے ہٹا دیں لیکن سات ماہ میں کوئی ایسی کارکردگی لا کر دکھا دے۔

میرا چیلنج ہے کہ کوئی میرے جتنی کارکردگی لا کر دکھا دے۔ میں اپنی وزارت کو اپنی کارکردگی اور اپنی محبت سے بچا رہا ہوں۔ جو لوگ سازشیں کر رہے ہیں اُن سے وزیراعلیٰ پنجاب بھی آگاہ ہیں اور وہ وقت آنے پر ضرور ایکشن لیں گے۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ 5 وزرا کی کارکردگی صفر ہے ، یہ پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ میں اُس شخص کی کارکردگی جاننا چاہتا ہوں جو یہ کہہ رہا ہے۔

پتہ نہیں کہ کارکردگی جانچنے کا ان کا کیا معیار ہے۔ جن کے نام چل رہے ہیں، اُن میں سے ایک وزیر کو تو فنڈز کا مسئلہ ہے، جب فنڈز ہی مہیا نہیں کیے جائیں گے تو وزرا کارکردگی کیسے دکھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے خلاف پراپیگنڈہ کر کے عثمان بزدار کوکمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ایسا نہیں ہو گا ، میں عثمان بزدار کو کمزور نہیں ہونے دوں گا۔

بد قسمتی یہ ہے کہ ہمارے ساتھ اُس طرح تعاون نہیں ہو رہا جس طرح ہم چاہتے ہیں۔ میں دو مرتبہ لکھ کر دے چکا ہوں کہ گذشتہ ماہ رمضان میں آٹے پر جو سبسڈی دی گئی اُس کا فرانزک آڈٹ فراہم کیا جائے لیکن وہ مجھے نہیں ملا۔ اس میں وہ مافیا ملوث ہیں جنہوں نے ملک کو لُوٹا ہے۔ میں ایسے اسکینڈلز کو جان کر ان میں ملوث افراد کو ایکسپوز کرنا چاہتا ہوں اور میں انشاء اللہ کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں