54

کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف احتساب کا عمل مزید تیز ہوگا :حلیم عادل شیخ

پاکستان تحریک انصاف سندھ کے قائم مقام صدر اور سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار سیاستدانوں کا ایسا احتساب ہورہا ہے ، پچھلی حکومتوں میں باریاں لی اور دی جارہی تھی اور ملک کو لوٹا جارہا تھا، نئے پاکستان میں عمران خان کسی بھی سیاست دان کو نہیں چھوڑیں گے، عوام کا لوٹا ہوا ایک ایک روپے کا حساب لیا جائے گا، آنے والے دنوں میں احتساب کا عمل مزید تیز ہوگا۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ زرداری نے جس طرح عوام کو پیسہ لوٹا تب اس کو عوام کے حقوق یاد نہیں آئے، اب جب اس کا احتساب ہورہا ہے تو پیپلزپارٹی کو دھرنے دینا یاد آرہے ہیں، کبھی پیپلزپارٹی نے عوام کے حقوق کے خاطر احتجاج نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف چور مچائے شور کی طرح کر رہے ہیں،حکومت کو کوئی خطرات نہیں ہیں، ملک ترقی کے سفر پر رواں رواں ہے، مہنگائی میں اضافہ پچھلی حکومتوں کے لئے ہوئے قرضوں کا نتیجہ ہے،جلد ملک میں نیا انقلاب آنے والا ہے ،عوام کو تمام تر حقوق دلوائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں پولیس مسلسل غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے، معصوم سجاد کی موت سے قبل دیگر واقعات میں پولیس فائرنگ سے شہری شہید ہوچکے ہیں، پولیس میں ٹریننگ کا فقدان ہے جس کی وجہ سے ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں، معصوم سجاد کے ورثا کے غم میں برابر کے شریک ہیں، واقعہ کی غیر جانبدارانہ انکوائری کروا کر ورثا کو انصاف دلوایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کی لہر کی وجہ سے کراچی کے مختلف مقامات پر سینٹر قائم کئے جائیں تاکہ شہریوں کو ہیٹ سٹروک سے بچایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں