71

ورلڈ کپ:پاکستان بھی محمد حفیظ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل

ورلڈ کپ 2019ءمیں کامیابی کیلئے پاکستان بھی قومی آل راﺅنڈر محمد حفیظ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے جن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے علاوہ بھارت اور انگلینڈ بھی اس مرتبہ عالمی کپ میں ٹائٹل فتح کیلئے فیورٹ ہیں لیکن سنگل لیگ فارمیٹ گرین شرٹس کیلئے انتہائی معاون ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ یہ روایت رہی ہے کہ گلوبل ایونٹس میں پاکستانی ٹیم کسی حد تک تاخیر سے اپنی کارکردگی دکھاتی ہے۔

ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پرامید ”پروفیسر“نے نیوزی لینڈ،جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کیخلاف حالیہ ون ڈے ناکامیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ انگلینڈ میں ہونے والے میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی کی شاندار کامیابی کو دہرا سکتی ہے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ اگر تنقیدی نگاہ بھی ڈالی جائے تو ان کے خیال میں پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کی تین سرفہرست فیورٹ ٹیموں میں سے ایک ہے حالانکہ انگلش ٹیم ہمیشہ ہی اپنے کھیل کے انداز اور ہوم کنڈیشنز میں بہترین سمجھی جاتی ہے جبکہ بھارت نے بھی ون ڈے کرکٹ میں بہترین ٹیم کی تعمیر کرلی ہے جس کی لائن اپ میں چند اچھے سپن باﺅلرز بھی موجود ہیں۔

ان کا اصرار ہے کہ اس بار ورلڈ کپ کیلئے وضع کردہ سنگل لیگ کا فارمیٹ بھی پاکستانی ٹیم کیلئے مددگار ثابت ہوگا جو قدرے تاخیر سے اپنے کھیل کے عروج پر آتی ہے اور یوں بھی گروپ سسٹم میں ٹیموں کے پاس سنبھلنے کیلئے دوسرا چانس نہیں ہوتا جیسے2007ءمیں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پہلے راونڈ کے بعد ہی ایونٹ سے باہر ہو گئی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی ایک یونٹ کی حیثیت سے کافی عرصے سے ساتھ کھیل رہے ہیں جس کے سبب انہیں بہترین نتائج کی توقع ہے کیونکہ کمبی نیشن اچھا بن چکا ہے اور گرین شرٹس کے پاس سپن اور فاسٹ باﺅلنگ میں ورائٹی موجود ہے۔

محمد حفیظ نے ورلڈ ٹی ٹونٹی 2009ءاور چیمپئنز ٹرافی2017ءکا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کو انگلینڈ میں بھرپور حمایت حاصل ہوتی ہے جس سے پلیئرز کو اچھی کارکردگی کا حوصلہ ملتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں