100

لاستھ ملنگا نے شاندار کارنامہ سرانجام دیدیا

سری لنکا کے مایہ ناز باﺅلر لاستھ ملنگا نے اپنے کیرئیر کے دوران بے تحاشا کامیابیاں حاصل کیں اور کئی اعزاز اپنے نام کئے لیکن اس مرتبہ انہوں نے ایسا شاندار کارنامہ سرانجام دیدیا ہے کہ آپ بھی داد دئیے بغیر نہیں رہ پائیں گے۔

35 سالہ ملنگا نے 15 گھنٹوں کے دوران 2 ممالک میں 2 مختلف میچ کھیلتے ہوئے 10 وکٹیں حاصل کر کے انوکھا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ بدھ کی شام لاستھ ملنگا نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں شین واٹسن، کیدر جادھو اور ڈوین براوو کی وکٹیں اڑائیں اور اپنی ٹیم کو 37 رنز سے کامیابی دلائی۔

میچ کے بعد وہ رات 1 بج کر 40 منٹ پر کولمبو کے راستے کینڈی جانے والی پرواز میں سوار ہوئے اور صبح 4 بج کر 30 منٹ پر منزل مقصود پر پہنچے اور پھر 9 بج کر 45 منٹ پر شروع ہونے والا میچ کھیلنے کیلئے 7 بجے ہی سٹیڈیم جا پہنچے تاکہ پریکٹس بھی کر سکیں۔ ان کی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو انہیں کچھ آرام کرنے کا موقع بھی مل گیا جس کے بعد انہوں نے 49 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

انہوں نے مخالف ٹیم کی پہلی پانچ وکٹیں صرف 40 کے مجموعی سکور پر گرا دیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے سات وکٹیں حاصل کرنے کیلئے صرف 9.5 اوورز کرائے اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے پوری ٹیم محض 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور یوں ان کی ٹیم نے یہ میچ 156 رنز سے جیت لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں