84

موجودہ پاک بھارت کشیدگی مودی سرکار کی الیکشن جیتنے کی بھونڈی کوشش ہے:اسد قیصر

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ موجودہ پاک بھارت کشیدگی مودی سرکار کی الیکشن جیتنے کی بھونڈی کوشش ہے،کشیدگی کے دوران پاکستان کی سیاسی قیادت نے انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کی پارلیمنٹ نے یک زبان ہو کر امن کی کوششوں کی حمایت کی،مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے ،عالمی برادری اس مسئلے سے پہلو تہی نہیں کر سکتی ۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں ارجنٹائن کے سفیر ایوان ایوانوچ سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اگر بھارتی قابض افواج کشمیری خواتین کی بے حرمتی کرتی رہیں گی اور نہتے کشمیریوں کی جان، مال، عزت و آبرو کی دھجیاں بکھیرتی رہے گی تو اسے بے ساختہ عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے خطے میں امن کی کو ششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کرتارپور راہداری منصوبہ اور بھارتی پائلٹ کی رہائی پاکستان کی امن دوستی کے واضح ثبوت ہیں، پاکستان نے دنیا میں امن کی خاطر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں پیش کی ہیں،پاکستان اور ارجنٹائن کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات موجود ہیں جنہیں پاکستان بڑی اہمیت دیتا ہے اور پارلیمانی اور اقتصادی رابطوں میں اضافے کے ذریعے انہیں مزید وسعت دینے کا خواں ہے ۔

انہوں نے دونوں ممالک کے اراکینِ پارلیمنٹ کے مابین رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکینِ پارلیمنٹ دوطرفہ تعلقات کو مُستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے ارجنٹائن کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

ارجنٹائن کے سفیرایوان ایوانوچ نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کے مدبرانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ارجنٹائن پاکستان کی جانب سے قیام امن کے لئے کی جانے والی مخلصانہ کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ملکوں کے پارلیمان میں تعاون اور وفود کا تبادلہ باہمی دوستی کو مزید مضبوط کرے گا،ارجنٹائن پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور تجارت سمیت تمام اقتصادی و سماجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہش مند ہے ۔ انہوں نے تصفیہ طلب معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں