203

اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب

تحریک انصاف کے نامزد کردہ اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔ اس عہدے کیلئے ان کا مقابلہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مشترکہ طور پر نامزد کردہ امیدوار پیپلز پارٹی کے رکن پارلیمان خورشید شاہ سے تھا۔

اسد قیصر نے 176 ووٹ حاصل کیے جبکہ خورشید شاہ کو 146 ووٹ ملے۔

اسد قیصر اس سے قبل 2013 سے 2018 تک خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے اسپیکر بھی رہ چکے ہیں۔ حالیہ انتخابات میں وہ پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کی نشست جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد نتائج کا اعلان کیا تو تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ارکان نے ڈیسک بجا کر مبارک دی جبکہ اپوزیشن کے ارکان نے نعرے بازی کی۔

بعد ازاں اسد قیصر نے اسپیکر کے عہدے کا حلف اٹھا یا تو اس دوران بھی مسلم لیگ نون کے ارکان نے ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے۔ اسپیکر منتخب ہونے کے بعد اسد قیصر نے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل شروع کرایا۔

ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کیلئے تحریک انصاف کی جانب سے قاسم سوری جبکہ اپوزیشن کی جانب سے سعد محمود کو نامزد کیا گیا تھا۔

قاسم خان سوری نے 183 جبکہ ان کے مدمقابل اپوزیشن کے امیدوار سعد محمود الرحمان نے 144 ووٹ حاصل کیے۔قاسم سوری بلوچستان سے قومی اسمبلی کی نشست جیتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں