116

بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور رہے گا

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا ہے کہ لندن میں بلوچستان کے حوالے سے پاکستان مخالف اشتہاری مہم سے برطانوی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

اسلام آباد میں متعین برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی جانب سے برطانوی ہائی کمشن نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ برطانیہ پاکستان کی سالمیت اور جغرافیائی سلامتی کا مکمل احترام کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لندن میں بلوچستان سے متعلق اشتہاری مہم پر پاکستان کے تاثرات کو بخوبی سمجھتے ہیں تاہم برطانوی حکومت کا ان بینرز کی تشہیر سے کوئی تعلق نہیں، بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور حصہ رہے گا۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر اس طرح کی کچھ تصاویر سامنے آئی تھیں جن میں بظاہر لندن کی ایک ٹیکسی پر لگے اشتہار میں ’فری بلوچستان‘ تحریر تھا۔ جس کے بعد دفتر خارجہ نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کو طلب کرکے لندن میں ٹیکسی کیبز پر پاکستان مخالف نعرے آویزاں کرنے پر شديد تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی طلبی کے دوران سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے لندن میں ٹیکسی کیبز پر پاکستان مخالف نعرے آویزاں کرنے کو پاکستان کی داخلی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ قرار دیا تھا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی ہائی کمیشن سے احتجاج میں سیکریٹری خارجہ نے ان اشتہارات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سالمیت پر براہ راست حملے کے مترادف قرار دیا تھا۔

ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر کو یہ بھی بتایا گیا تھا کہ کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق پاکستان اس طرح کے اقدام اور اشتہارات کو مسترد کرتا ہے جو اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سوالات اٹھاتے ہیں۔ اس معاملے کو لندن میں پاکستانی سفیر کے ذریعے برطانیہ کے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس کے ساتھ بھی اٹھایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں