83

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا ایک اورسہولت کار گرفتار

آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملک بھر میں جاری آپریشن رد الفساد کے تحت بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایف سی اور انٹیلی جنس اداروں کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا۔ جس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ایک سہولت کار کو گرفتار کرلیا جسے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دھماکا خیز مواد، دیسی ساختہ بم اور بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا جو کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کےمقاصد کے لیے چھپاپا گیا تھا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شمالی وزیرستان میں منڈی خیل کے قریبی علاقے ڈوسالی میں بھی سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا جس میں مواصلاتی آلات اور انتہا پسندی پر مبنی مواد برآمد کیاگیا۔

کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا جس میں بندوقیں، مارٹر گولے ، راکٹ لانچرز، آئی ای ڈیز اور دیگر دھماکہ خیز مواد شامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں