109

زرداری کس اور کو خوش کرنے کے لئے میرے خلاف بول رہے ہیں، نواز شریف

سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہےکہ آصف زرداری ان کے خلاف باتیں کسی کو خوش کرنے کے لیے کررہے ہیں۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں نوازشریف نے کہا کہ اس وقت ملک میں جو صورتحال ہے اس سے ایسا لگتا ہے کہ مجھے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا مجھے سی پیک کی سرمایہ کاری لانے یا کراچی میں امن لانے کی سزا دی جارہی ہے؟ سابق صدر آصف زرداری سے متعلق سوال پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آصف زرداری میرے خلاف جو باتیں کررہے ہیں وہ در اصل کسی اور کو خوش کرنے کے لیے کررہے ہیں۔

نوازشریف نے کہا کہ جو کچھ ہورہا ہے سب کے سامنے ہے، میں نے جو بھی کیا اور جو کوششیں کیں وہ بھی سب کےسامنے ہیں۔

دوسری جانب کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو میں نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کیا، ملک میں رکارڈ ترقی ہوئی اور ریزروز میں اضافہ ہوا، اسٹاک ایکسچینج تاریخ میں کبھی اتنی بلند سطح پر نہیں گئی۔

انہوں نے کہا کہ کیا یہ کرپشن کیس ہے؟کسی سے کِک بیکس وصول کیےیا ٹھیکے میں پیسے لیے؟ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ کس چیز کے لیے پیشیاں بھگت رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام جمہوری پارٹیوں کو ایک اصول پر اکٹھا ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں