114

پیر کلیم خورشید سپریم کورٹ بار کے صدر منتخب

عاصمہ جہانگیر گروپ کے پیر کلیم خورشید سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے دوران ملک بھر میں قائم کیے گئے 10 پولنگ اسٹیشنز میں ووٹ ڈالے گئے۔

صدارت کے لیے حامد خان گروپ کے عبد الرحمٰن انصاری اور عاصمہ جہانگیر گروپ کے پیر کلیم خورشید جبکہ جنرل سیکریٹری کے لیے صفدر تارڑ اور میاں اسلم مدمقابل تھے۔

پیر کلیم خورشید ایک ہزار 145 ووٹ حاصل کر کے صدر منتخب ہوئے جبکہ عبدالرحمٰن انصاری ایک ہزار 62 ووٹ حاصل کر سکے۔

کامیابی کے بعد پیر کلیم خورشید کا کہنا تھا کہ وہ ووٹ کی طاقت سے پاکستان کو مظبوط بنائیں گے اور آئین، وکلا کے حقوق اور مزدوروں کی جنگ لڑیں گے۔

سپریم کورٹ بار کے دیگر عہدے بھی عاصمہ جہانگیر گروپ کے نام رہے اور قمرالزمان قریشی نائب صدر جبکہ صفدر حسین تارڑ سیکریٹری منتخب ہوگئے۔ جیتنے والے گروپ نے فتح کا جشن مناتے ہوئے بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔

مجموعی طور پر بائیس نشستوں کے لیے دونوں گروپس کے 44 امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔

انتخابات کے لیے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے 2 ہزار 989 ووٹرز رجسٹرڈ تھے، جبکہ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں