118

عمران خان نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی معافی قبول کرتے ہوئے توہین عدالت کیس ختم کردیا۔

چیف الیکشن کمیشنر ریٹائرڈ جسٹس سردار محمد رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے آغاز میں چیف الیکشن کمیشنر کی جانب سے تحریری معافی نامہ طلب کرنے پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے بیان پر دو مرتبہ معافی مانگ چکے ہیں۔

الیکشن کمشنر نے عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ ’کمیشن کو عمران خان کے دستخط شدہ تحریری معافی نامے فراہم کیے جائیں‘. تاہم بابر اعوان کی جانب سے عمران خان کے بیانات سے متعلق ان ہی کے دستخط شدہ تحریری معافی نامے جمع کرائے جس کے بعد الیکشن کمیشن کے بینچ نے توہین عدالت کیس ختم کردیا۔

تحریک انصاف کے سربراہ کے ساتھ پارٹی کے سیکریٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی جہانگیر ترین بھی کیس کی سماعت کے لیے الیکشن کمیشن پہنچے تھے۔

خیال رہے کہ عمران خان کی توہین عدالت کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی کے جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ پارٹی چیئرمین ای سی پی کے کمیشن کے سامنے رضا کارانہ طور پر پیش ہوں گے. بعد ازاں الیکشن کمیشن نے رواں ماہ 12 اکتوبر کو توہین عدالت کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 26 اکتوبر کو عمران خان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سابق بانی رکن اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی پٹیشن دائر کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں