82

ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاک بھارت ٹاکرا کل ہوگا

ایشیاء کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا اہم اور سنسنی خیز میچ کل پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہیں اور بھارت جاپان ، بنگلادیش کو شکست دیکر فائنل فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔ پاکستان جاپان کے خلاف میچ برابر کرنے کی وجہ سے فائنل فور میں جگہ پکی نہیں کرسکا ہے ، بھارت کے خلاف میچ جیت کر پاکستان فائنل راونڈ میں پہنچ جائے گا لیکن شکست کی صورت میں اسے جاپان اور بنگلادیش کے میچ کے نتیجے کا انتظار کرنا ہوگا۔

جاپان ایک پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اگر اس نے کل بنگلہ دیش کو سات سے آٹھ گول کے بڑے مارجن سے شکست دے دی اور پاکستان بھارت سے ہار گیا تو فائنل فور میں بھارت اور جاپان کی ٹیمیں پہنچ جائیں گی۔

دوسری صورت میں پاکستان بھارت سے ہار گیا اور جاپان بھی بنگلادیش کو بڑے مارجن سے شکست نہ دے سکی تو پاکستان بہتر گول اوسط کی بنیاد پر فائنل فور میں پہنچ جائے گا،تو یوں پاکستان کے فائنل فور میں پہنچنے کے امکان زیادہ روشن ہیں۔

بھارت نے تین ماہ پہلے ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان ٹیم کو دو بار شکست سے دوچار کیا تھا لیکن اس بار ٹیم کی قیادت تجربہ کار محمد عرفان کو دی ہے اور سینئر کھلاڑیوں کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اسی لئے اس ٹیم کو مضبوط تصور کیا جارہا ہے۔

ایشیاء کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں چھ بار آمنے سامنے آئیں جس میں پاکستان پانچ بار اور بھارت صرف ایک بار کامیاب رہا ہے. مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان 170 میچ ہوچکے ہیں جس میں بھارت 57 اور پاکستان 82 میچز میں کامیاب رہا ہے جب کہ 31 میچز ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے ہیں۔ ایشیا کپ میں پاکستان بھارت کے خلاف اب تک 18 اور بھارت پاکستان کے خلاف صرف دس گول کرسکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں