49

پی آئی اے: ونڈاسکرین لوٹے سے دھونے کا انکشاف

پی آئی اے باکمال لوگ، لاجواب سروس !!!قومی ایئرلائن کے بوئنگ777کی ونڈاسکرین لوٹے سے دھونے کا انکشاف ہوا ہے۔

خورشید شاہ کی صدارت میں پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں قومی ایئرلائن کا معاملہ زیر بحث آیا ، جس میں پبلک اکائونٹس کمیٹی نے خصوصی تحقیقات کا حکم دیدیا۔

اجلاس میں سینیٹر اعظم سواتی پی آئی اے حکام پر برس پڑے!!!ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے بوئنگ777کی ونڈاسکرین لوٹے سے دھوئی جاتی ہے۔ اعظم سواتی نے ثبوت کے طور پر جہازکاشیشہ لوٹے سے دھونے کی تصویر پی اے سی میں جاری کردی تاہم پی آئی اے حکام نے لوٹے سے ونڈ اسکرین دھونے کی تصویر کو رد کردیا۔

اس کے علاوہ پی آئی اے کے افسران کے غیرملکی دوروں کی تفصیلات کمیٹی میں پیش کی گئیں جس کے مطابق افسران کے ایک سال میں غیرملکی دوروں پرایک کروڑ80 لاکھ روپے خرچ ہوئے جبکہ غیرملکی دوروں پرمجموعی اخراجات 3 کروڑ 60 لاکھ اخراجات آئے۔

اس موقع پر شیری رحمان نے سوال کیا کہ پی آئی اے کی نئی پریمئرایئر لائن کہاں غائب ہوگئی؟انہوں نے کہا کہ پریمئرایئر لائن بنی اور خاموشی سے بند ہوگئی، نئی ایئرلائن پرکتنے اخراجات آئے؟ کتنے نقصانات ہوئے؟؟کمیٹی کو بتایا جائے۔

شیری رحمان نے پی آئی اے کی آن لائن ٹکٹنگ میں بے ضابطگیوں کا معاملہ اٹھایاجس پر خورشیدشاہ نے آڈٹ حکام کو تین ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں