245

اسلام آباد میں داعش کا جھنڈا لہرانے کا واقعہ، مقدمہ درج

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی کالعدم تنظیم داعش کا جھنڈا لہرانے کا مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق اسلام آباد میں داعش کا جھنڈا لہرانے کا مقدمہ نمبر 356 تھانہ کھنہ میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات 7 اے ٹی اے اور جی 11 شامل کیں گئیں۔پولیس حکام کے مطابق تھانہ کھنّہ میں واقعے کا مقدمہ درج کرکے ایف آئی آر سیل کر دی۔

حکام نے بتایا کہ کیونکہ کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے اس لیے ایف آئی آر کو سیل کیا گیا ہے جبکہ پولیس مذکورہ کیس کی تحقیقات جاری رکھے گی اور ثبوت سامنے آنے کے بعد ایف آئی آر کو دوبارہ کھول کر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد میں ایکسپریس ہائی وے پر نامعلوم افراد نے بین الاقوامی کالعدم عسکری تنظیم داعش کا جھنڈا لہرا دیا تھا۔

بعد ازاں وزیر داخلہ احسن اقبال نے دارالحکومت اسلام آباد میں داعش کا جھنڈا آویزاں ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں