199

عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل

اسلام آباد: ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے۔

الیکشن کمیشن نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی توہین عدالت کیس میں عدم پیشی پر ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور انہیں 25 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے وارنٹ گرفتاری کوعمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جہاں جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 3 رکنی لارجر بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے عدالت میں پیش ہوکر ایک مرتبہ پھر مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن میں صرف ایک پارٹی کا ٹرائل ہورہا ہے، الیکشن کمیشن کوئی عدالت نہیں جو توہین عدالت کی کارروائی کرے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے عمران خان کو ہدایت کی ہےکہ وہ الیکشن کمیشن کی جانب سے دیئے گئے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرائیں جس پر بابر اعوان نے انہیں شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردیئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں الیکشن کمیشن میں توہین عدالت کی کارروائی پر حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا کی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں