171

وزیراعظم امریکی نائب صدر سے نہ ملیں، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو مشورہ دیا ہے کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان سے نہیں مل رہے تو وہ بھی نائب امریکی صدر سے نہ ملیں۔

سینیٹ اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تضحیک کے مترادف ہے ٹرمپ وزیراعظم پاکستان سے نہ ملے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خبروں میں آیا ہے کہ وزیراعظم نائب امریکی صدر مائیک پینس سے ملاقات کریں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم ان دنوں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وفد کے ہمراہ لندن سے نیویارک پہنچے جہاں وہ اقوام متحدہ کے 72 ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی اور سفارت خانے کے دیگر عملے نے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا استقبال کیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 21 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے سیشن سے خطاب کریں گے جو ان کی وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد اب تک سب سے اعلیٰ سطح کے فورم پر خطاب ہوگا۔

وزیراعظم کے چار روزہ دورہ نیویارک کو انتہائی اہم تناظر میں دیکھا جارہا ہے جس میں ان کی امریکی نائب صدر مائیک پینس سے بھی ملاقات متوقع ہے جب کہ وہ اقوام متحدہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے اور سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں