227

آئی سی سی نے نجم سیٹھی کے بیان کی تردید کر دی

لاہور (آن لائن)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے دو ٹوک الفاظ میں چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے اس بیان کی تردید کی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ورلڈ الیون کی ٹیم آئندہ دو سال بھی پاکستان آئے گی۔

جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن کا قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ یہ بات غلط ہے کہ ورلڈ الیون کی ٹیم آئندہ 2 سال پاکستان آئے گی۔ ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ 2009 کے مقابلے میں پاکستان میں سیکیورٹی کے معاملات بہتر ہوئے ہیں اور پاکستان نے ورلڈ الیون کی میزبانی کے ساتھ دنیا کو اپنے تحفظ کے ساتھ میزبانی کا پیغام دے دیا ہے۔

آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ” پی ایس ایل”کے زیادہ میچوں کی میزبانی پاکستان کے اسٹیڈیمز کریں، یہی پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کی درست سمت ہوگی۔

اس سے قبل چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا ایک بیان برطانوی اخبار ” گارجین ” میں شائع ہوا تھا کہ ورلڈ الیون آئندہ دو سال مذید پاکستان آکر کھیلے گی۔البتہ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے یہ ضرور کہا کہ آئی سی سی اگلے دو سال پی سی بی کے ساتھ اپنے معاہدے کی نہ صرف پاسداری کرے گا بلکہ اس ضمن میں اخراجات بھی اٹھائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں