199

نوازشریف کا ایبٹ آباد میں جلسہ کا اعلان

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے جلد وطن واپس آکر ایک بار پھر عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف ان دنوں اپنی اہلیہ کے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف 8 ستمبر کو وطن واپس پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف ایک بار پھر جلد ہی عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے جس میں وہ مختلف شہروں میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ نوازشریف 10 ستمبر کو ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس کی تصدیق مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف اپنی مہم کے پہلے مرحلے میں ایبٹ آباد کے بعد جنوبی پنجاب اور پھر کراچی میں جلسے کریں گے۔

جاوید مرتضیٰ عباسی کا کہنا تھا کہ 10 ستمبر کو ایبٹ آباد میں عوامی طاقت کا تاریخی مظاہرہ ہوگا اور آئندہ 50 سال میں ایسی سیاسی طاقت کا مظاہرہ دیکھنے کو نہیں ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ 10 ستمبر کو عوام نوازشریف کے حق میں اپنا فیصلہ سنائیں گے جب کہ آئندہ انتخابات میں خیبرپختونخوا مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ نوازشریف کو سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے فیصلے میں نااہل قرار دیا جب کہ انہوں نے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کررکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں