77

عید الاضحی سر پر، جانوروں کی قیمتیں آسمان پر

عید قرباں میں صرف ایک دن باقی! اسلام آباد راولپنڈی کی مویشی منڈیوں میں لوگوں کا تانتا بندھ گیا تاہم جانوروں کی ہوشربا قیمتوں نے خریداروں کی پریشانی میں اضافہ کردیا ہے ۔

اسلا م آباد سمیت ملک کی مختلف مویشی منڈیوں میں جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جس کے باعث خریدار پریشانی کا شکار ہیں تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ رات گئے جانوروں کی قیمتوں میں کمی ہو جائے گی اور بیوپاری اپنے گھروں کو جلد پہنچنے کی جلدی میں مناسب دام پر جانور فروخت کردیں گے۔

تمام تر صورتحال کے باوجود اسلام آباد کی منڈی مویشیاں میں خریداروں کی گہما گہمی بڑھتی جا رہی ہے،کوئی کم پیسوں میں اچھے بکرے اور گائے کو تلاش کررہا ہے اور کوئی صرف تفریحی کے لئے منڈی آیا ہے۔شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا اس لئے کہیں کوئی خریدار بکروں کے دانت پرکھتا دکھائی دے رہا ہے تو کسی کی تمام تر توجہ اس کے وزن اور خوبصورتی پر ہے۔

منڈی میں ہر طرح کے بکرے، دنبے، بیل اور گائے عید قرباں پر فروخت کیلئے لائے گئے ہیں۔ خریدار تگڑے جانور دیکھ کر خوشی کا اظہار تو کرتے ہیں لیکن جب ان کی قیمتیں سنتے ہیں تو ساری خوشی کافور ہوجاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں