87

ٹیسٹ کرکٹر شرجیل خان پر 5 سال کی پابندی

پی سی بی نے سپاٹ فکسنگ سیکنڈل میں ملوث کرکٹر شرجیل خان پر 5سال کی پابندی لگا دی ہے۔

شرجیل خان کو سپاٹ فکنگ سیکنڈل میں ملوث ہونے پر سزا سنا دی گئی ہے ۔اینٹی کرپشن ٹربیونل کی جانب سےسنائی جانیوالی سزا کے مطابق وہ اڑھائی سال تک ہر طرح کی کرکٹ سے دوررہیں گے جبکہ اگلے اڑھائی سال وہ پی سی بی کی زیر نگرنی رہیں گےمیڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں سزا کیخلاف اپیل کا حق حاصل ہوگا۔

یاد رہے کہ رواں برس سال فروری میں پاکستان سپر لیگ کے آغاز میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل سامنے آیا تھا جس میں متعدد پاکستانی کرکٹرز مبینہ طور پر ملوث پائے گئے تھے جن میں سے شرجیل خان اور خالد لطیف کو فوری طور پر معطل کردیا گیا تھا۔ دونوں پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائٹڈ کی نمائندگی کر رہے تھے۔

خالد لطیف کے خلاف بھی ٹریبونل کی کارروائی مکمل ہوچکی ہے اور اس بارے میں فیصلہ جلد سنائے جانے کا امکان ہے۔ اس سکینڈل میں ملوث اسلام آباد یونائٹڈ کے فاسٹ بولر محمد عرفان کو پہلے ہی چھ ماہ پابندی کی سزا دی چکی ہے جبکہ شاہ زیب حسن اور ناصرجمشید کے معاملات ٹریبونل میں زیرسماعت ہیں۔

شرجیل خان اور خالد لطیف پر الزام تھا کہ انھوں نے مبینہ طور پر پاکستان سپر لیگ شروع ہونے سے قبل دبئی میں مشکوک افراد سے ملاقات کی تھی جہاں ان کے درمیان ایک ڈیل ہوئی تھی۔ اس ڈیل میں مبینہ بک میکر یوسف اور کرکٹر ناصرجمشید کے نام سامنے آئے تھے۔

برطانوی کرائم ایجنسی نے یوسف اور ناصر جمشید کو حراست میں لے کر ان کے پاسپورٹس اپنی تحویل میں لے لیے تھے بعد میں دونوں کو ضمانت پر رہائی مل گئی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شرجیل خان اور خالد لطیف پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی ٹریبونل تشکیل دیا تھا۔
شرجیل خان پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن ضابطہ اخلاق کی پانچ شقوں کی خلاف ورزی کا الزام تھا جن کا تعلق مشکوک افراد سے ملنے، اس بارے میں کرکٹ بورڈ کو مطلع نہ کرنے اور مشکوک افراد کی خراب کارکردگی کے لیے پیشکش قبول کرنے سے ہے۔

شرجیل خان پر الزام تھا کہ انھوں نے پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ میں مبینہ طور پر دو ڈاٹ گیندیں کھیلنے کی بکی کی پیشکش قبول کی تھی اور اس پر عمل بھی کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے تین رکنی ٹریبونل کی کارروائی تقریباً پانچ ماہ جاری رہی جس کے سامنے آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ سر رونی فلینیگن بھی پیش ہوئے تھے اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔

28 سالہ شرجیل خان نے ایک ٹیسٹ، 25 ون ڈے اور 15 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں