36

این اے 120 کے انتخاب ؛ فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: لاہور میں این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کلثوم نواز امیدوار ہیں جب کہ تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور عوامی تحریک نے بھی اپنے امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقے میں انتخاب کے روز فوج تعینات کرنے کا حکم دیا ہے اور اس حوالے سے وزارت دفاع کو ایک خط بھی لکھا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے خط میں وزارت دفاع کو ضمنی انتخاب کے روز پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوجی اہلکار تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ فوجی دستے پولنگ کے آغاز سے ووٹوں کی گنتی تک اپنے فرائض انجام دیں گے۔

واضح رہےکہ پیپلزپارٹی نے (ن) لیگ پر حلقے میں انتخابی مہم کے لیے حکومتی وسائل استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے جس پر الیکشن کمیشن نے (ن) لیگ کی انتخابی مہم کے انچارج وفاقی وزیر پرویز ملک سے جواب طلب کرلیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں